جماعت اسلامی کارکنان کے قتل کی ذمے دار پنجاب حکومت ہے

64

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور دیگر دکارکنان کے مریدکے میں بہیمانہ قتل کے خلاف جے آئی یوتھ فیصل آباد کے کارکنان نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارسے ضلع کونسل چوک تک احتجاجی ریلی نکالی،جس کی قیادت جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر رانا عدنان خان ، ضلعی جنرل سیکرٹری راشدمحمود،نائب صدر ملک اسامہ نذیر،فاروق احمد،جماعت اسلامی کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں اعجازحسین ،شیخ محمدنعیم ،اکبرعلی انصاری اوردیگر نے کی۔شرکا مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور جھنڈے اٹھارکھے تھے اورقاتلوں کی گرفتاری ،پولیس کی نااہلی اورصوبہ میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت کیخلاف شدیدنعرے بازی کررہے تھے۔ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینئرنائب صدر پنجاب راناعدنان نے کہاکہ پولیس کی غفلت اورانتظامیہ کے ناقص انتظامات کی وجہ سے جماعت اسلامی کارکنان کے قتل کی ذمہ داران پنجاب حکومت ہے ۔شریف شہریوں پر زندگی تنگ کرنے والے درندے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں ،صداقت علی صداقت جماعت اسلامی کے سرگرم کارکن تھے اور ہر قسم کے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ وہ دو بیٹوں اور دو کمسن بیٹیوں کے باپ تھے ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے‘ قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا‘ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ضلعی جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہاکہ جے آئی یوتھ کے کارکنوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور آئی جی پنجاب سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کیا تھا۔