حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کے آرگنائزر اعجاز حسین، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی، عطر خان چانگ، عبدالحمید، بلاول ملاح، نیاز حسین اور اقبال راجپوت نے ڈی جی ایچ ڈی اے واسا کے مزدور دشمن رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان افسران کی وجہ سے شعبہ واسا شدید مالی بحران میں مبتلا ہونے کے باوجود افسران کی بے حسی، غفلت، لاپروائی کی وجہ سے ملازمین ماہانہ تنخواہوں، پنشن سے محروم ہیں۔ ان نااہل افسران کی سرپرستی کی وجہ سے شعبہ ٹیکس شدید بدعنوانی میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے ماہانہ ریکوری کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آرہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت سندھ اپنے ذمے واٹر اینڈ سیوریج کی رقم ادا کرنے پر تیار ہے مگر یہ ہی افسران اس رقم کی ادائیگی میں رکاوٹیں دور کرنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے 37 کروڑ روپے کی سمری التوا کا شکار ہے جبکہ واسا ملازمین فاقہ کشی کا شکار ہیں، کئی ماہ سے تنخواہ کی ادائیگی جبکہ پنشنرز کو پنشن کی ادا نہیں کی جارہی ہے انہوں نے 10دسمبر بروز منگل کو بھر پور احتجاج، ریلی، مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے متنبہ کیاکہ اگر فوری تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوئی تو 16 دسمبر سے شہر بھر کا نکاسی وفراہمی کا نظام مکمل طور پر بند کردیں گے جس کی ذمہ داری ایچ ڈی اے انتظامیہ اور سندھ حکومت پر ہوگی۔