امریکا نے سعودیوں کی فوجی ٹریننگ پر پابندی عائد کر دی

102

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پینٹاگون نے امریکہ میں سعودیوں کی فوجی ٹریننگ پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔

یہ پابندی امریکہ کے بحریہ بیس پر ایک سعودی آفیسر کی فائرنگ کے نتیجے میں آئی۔ سعودی شاہی ایئر فورس کے آفیسر محمد الشمرانی نے گزشتہ ہفتے فلوریڈا میں پنسا کولا بحریہ اسٹیشن کے کلاس روم میں اچانک فائرنگ شروع کردی تھی، جس کے نتیجے میں امریکی بحریہ کے تین اہلکار جاں بحق اور 8زخمی ہو گئے تھے۔
امریکی محکمہ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی فوجی طلبہ اپنی کلاس معمول کے مطابق جاری رکھ سکتے ہیں تاہم سعودی طلبہ کی فوجی ٹریننگ پر عارضی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ یہ پابندی سیکیورٹی پالیسی کے تحت عائد کی گئی ہے، جبکہ یہ فیصلہ سعودی حکومت سے مشاورت کے بعد عمل میں لایا گیا ہے اور یہ سیکیورٹی پالیسی تمام غیر ملکی طلبہ پر لاگو ہوگی، جبکہ ٹریننگ پر پابندی صرف سعودی طلبہ پر عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے سعودی حکومت نے فائرنگ کرنے والے عرب شہری محمد الشمرانی سے واقعہ کے بعد فوری لا تعلقی کا اعلان کر دیا تھا۔