پشاور( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرنے پر فیس بک انتظامیہ کی جانب سے جماعت اسلامی کراچی کا آفیشل پیج اورمتعدد پاکستانیوں کے فیس بک اکاؤنٹس بند کرنے اورمتعصبانہ اقدامات اٹھانے کے خلاف سینیٹ میں قرار داد جمع کرادی۔قرارداد میںکہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سینیٹ کا یہ ایوان بالا مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والے سیکڑوں پاکستانیوں اور بالخصوص جماعت اسلامی کراچی کا آفیشل پیج بند کرنے پر فیس بک انتظامیہ کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس اقدام کو سخت متعصبانہ اور بھارتی لابی کے زیر اثر کارروائی سمجھتاہے ۔یہ ایوان حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ فیس بک انتظامیہ کی اس متعصبانہ کارروائی کے خلاف ہر ممکن اقدامات کرے حکومتی سطح سے ان اکاؤنٹ کو کھلوانے کے اقدامات کیے جائیں اور فیس بک انتظامیہ سے اس بات کی یقین دہانی حاصل کی جائے کہ وہ آئندہ اس قسم کے متعصبانہ اقدامات سے باز رہے گی ۔ یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے تعاون نہ کرنے اور کشمیر کے معاملے پر پاکستانی سیاسی ، سماجی تنظیموں اور باشندگان سے امتیازی اور متعصبانہ رویہ برقرار رکھنے پر سخت اقدامات بشمول پاکستان میں فیس بک انتظامیہ کے تمام کاروباری مفادبند کر دیے جائیں۔