کشمیر کی آزادی کا واحد حل جہاد میں ہے،مولانا وحید گل

181
ملتان ،طلبہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکال رہے ہیں

باجوڑ(آئی این پی) انسانی حقوق کا عالمی دن ، ضلع باجوڑ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے کشمیر کانفرنس کا انعقاد ۔تحصیل خار کے علاقہ نوے کلے میں جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سراج الدین خان کی رہائشگاہ پر جماعت اسلامی ضلع باجوڑ کے امیر مولانا وحید گل کی صدارت میں یکجہتی کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی ۔ کانفرنس میں جماعت اسلامی باجو ڑکے رہنمائوں ایم پی اے سراج خان کے فرزند خالد خان،سابق امیدواران قومی اسمبلی حاجی سردار خان ، قاری عبدالمجید، جنرل سیکرٹری محمد حمید صوفی ، قبائلی عمائدین ملک شاتر خان ، ملک شاہین ، ملک دائود ،مولانا احمد نور ، مولانا ذاکر اللہ اور سینئر صحافی حاجی حبیب اللہ خان آسی اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شر کت کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی باجوڑ مولانا وحید گل ، حاجی سردار خان ، قاری عبدالمجید ، خالد خان، محمد حمید صوفی ، ملک شاہین، حاجی حبیب اللہ آسی ، مولانا احمد نور ، مولانا ذاکر اللہ اور ملک یوسف و دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا واحد حل جہاد میں ہے اورپاک فوج کو جہاد کا اعلان کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ ، عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ۔کشمیر میں کرفیو نافذ ہے کاروباری مراکز بند ، اسپتال بند اور خواتین کی عزتیںتار تار ہورہی ہیں۔ ہم اس موقع پر انسانی حقوق کی تنظیموں ، عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ مقررین نے کہا کہ سوڈان سے سائوتھ سوڈان کو آزاد کیاگیا اور انڈونیشیا سے مشرقی تیمور کو آزاد کیاگیا لیکن کشمیر یوں کو تاحال آزادی نہیں دی جارہی ہے آخر وجہ کیا ہے کہ مسلمانوں کیساتھ اتنا ظلم ہورہاہے اور اسی پر اقوام متحدہ خاموش ہے۔ مقررین نے موجود ہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال دیا ہے اور وزیر اعظم نے بہت پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بنے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا ، عمران خان نے پہلے ہی سے کشمیر کا سودا کیا تھا۔ جماعت اسلامی کے قائدین نے کہا کہ 22دسمبر کو اسلام آباد میں سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں کشمیر مارچ ہوگا جس میں باجوڑ سے بڑی تعداد میں قافلے شرکت کریں گے ۔