مقبوضہ کشمیر کے عوام اللہ کے بعد پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں

57

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی مودی کی حکمت عملی کے مقابلے میں کوئی حکمت عملی نظر نہیں آئی مقبوضہ کشمیر کے عوام اللہ کے بعد پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے ،جماعت اسلامی 22دسمبر کو اسلام آباد میں حکمرانوں کو جگانے کے لیے پرامن کشمیر بچائو مارچ کرے گی ،عالمی برادری نے کشمیریوں کو حق دلانے کے لیے کردار ادا نہ کیا تو پونے دوکروڑ کشمیری ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ ہندوستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والا دنیا کے پہلے نمبر کا ملک ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں 15لاکھ بھارتی فوج سوا کروڑ عوام کو قید کرکے قتل عام کررہے ہیں عالمی برادری جنگی جرائم کے مرتکب ہندوستان کے خلاف فوجی کارروائی کرے تمام اسلامی ممالک بھارت کا سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کریں انہوں نے کہاکہ ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو مار بھگایا تھا ہمارا حق مزاحمت بحال کیا جائے تو کشمیری خود مودی کی افواج کو شکست سے دوچار کریں گے انہوں نے کہاکہ بیس کیمپ کے1947ء والا کردار بحال کیا جائے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کشمیری آزادی کے لیے لڑرہے ہیں وہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے کشمیری 200سو سال سے میدان جہاد میں ہیں ایسی قوم کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔