پشاور (آن لائن) گریڈ 18سے گریڈ 21 تک افسران کی ترقیوں کے لیے سول سرونٹس پروموشن رولز 2019ء کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے چاروں صوبوں کے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق سینٹرل سلیکشن بورڈ، ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ، ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی اور لازمی ٹریننگ کورس کے 30، 30 نمبر ہو ں گے، گریڈ 17 سے گریڈ 18 میں ترقی کے لیے 5 سال، گریڈ 19کے لیے 12، گریڈ 20 کے لیے 17، گریڈ 21 کے لیے 22 جبکہ گریڈ 22 کے لیے 25 سال ملازمت کی مدت مکمل کرنا ہوگی۔ روٹیشن پالیسی کے مطابق ملازمت کرنے والے افسران کو ترقی کا اہل تصور کیا جائے گا، اہل ملازمین کو کم سے کم آخری 5 سال کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی، اسپیشلائز کیڈر، انجینئر، ڈاکٹر، پروفیسر اور فنی عہدوں پر تعینات افسران کے علاوہ تمام سول سرونٹس کے لیے ایم سی سی ایم، ایس ایم سی اور این ایم سی کے کورسز کرنا لازمی ہوں گے، 58 سال کی عمر میں پروموشن زون میں پہنچنے والے افسران کو لازمی ٹریننگ سے استثنا حاصل ہوگا۔