پختونخوا کے سب سے بڑے پن بجلی منصوبے کا آغاز آئندہ سال ہوگا

176

پشاور (نمائندہ جسارت) خیبر پختونخوا حکومت آئندہ سال ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور ایشیا انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے مشترکہ مالی تعاون سے ضلع مانسہرہ میںدریائے کنہار پر صوبے کے سب سے بڑے پن بجلی کے منصوبے بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، 300 میگاواٹ پر تعمیراتی کام کا آغازکرے گی۔ یہ منصوبہ 755 ملین ڈالرز کی خطیر رقم سے آئندہ 7 سالوں کے دوران مکمل کیا جائے گا، جس میں 80 فیصد رقم یعنی 580 ملین ڈالرز ایشیائی ترقیاتی بینک AIIB یعنی ایشیاء انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ مل کرفراہم کرے گا اور باقی رقم صوبائی حکومت اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 33 ملین ڈالر کی آمدن ہوگی۔ اس سلسلے میں بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلیے قرض کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس سیکرٹری توانائی و برقیات محمد زبیر خان کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندہ وفد پرنسپل انرجی اسپیشلسٹ عدنان ترین، اے آئی آئی بی کے پرنسپل انویسٹمنٹ آپریشن جیمز لوک اور سرجیو اورزانکی اور ایشیائی بینک کے احتشام خٹک سمیت ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام خٹکو دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان نے کہا کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ صوبے کیلیے توانائی کا اہم ترین اورسب سے بڑا منصوبہ ہے جس کی جلد تکمیل ممکن بنانا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک اور AIIB کے مشن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں منصوبے کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔