سید خورشید احمد شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں5 روز کی توسیع

81

سکھر(اے پی پی) احتساب عدالت نے آمدن سے زاید اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتارپیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کے عدالتی ریمانڈ میں5 روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کو دوبارہ 17 دسمبر کو پیش کرنے اور ریفرنس پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جمعرات کو جج امیر علی مھیسر کی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے پیپلزپارٹی رہنما کو این آئی سی وی ڈی اسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے لایا گیا ، جہاں پی پی کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں ۔ دوران سماعت خورشید شاہ کے وکیل نے اعتراض کیاکہ 87 روز گزر گئے ،نیب اب تک شواہد پیش نہیں کرسکا ہے جس پر نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کے حوالے سے جے آئی ٹی تشکیل دی جارہی ہے ، نیب چیئرمین نے 10 دسمبر کو لیٹر لکھا ہے ۔ جج امیر علی مھیسر نے کہا کہ 16 دسمبر کو خورشید شاہ کی گرفتاری کو 90 دن پورے ہورہے ہیں آئندہ سماعت پر ریفرنس پیش نہیں کیا گیا تو قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔احتساب عدالت کے جج کے استفسارپرخورشید شاہ نے کہا کہ ان کا علاج ٹھیک چل رہا ہے ۔