بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نوجوان بھرپور حصہ لیں گے

33

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی ذمہ داران کااجلاس ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر کی زیرصدارت المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ہوا۔اجلاس میں آئندہ لاہور میں ہونے و الے صوبائی یوتھ لیڈرشپ کنونشن اوربلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری راشدمحمود،نائب صدر محمدآصف عطا، فاروق احمد،فیصل خلجی اورزونل صدوربھی موجودتھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نوجوان بھرپورحصہ لیں کے جس کیلیے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔لاہورمیں ہونے و الاصوبائی یوتھ لیڈرشپ کنونشن بھی اس سلسلے میں منعقدکیاجارہاہے جس میں فیصل آبادسے ہریونین کونسل سے نوجوانوں کی کثیرتعدادشرکت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی یوتھ انتہائی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، ہمارا پاک وطن اس وقت یہود و ہنود کی عالمی سازشوں کا نشانہ بنا ہوا ہے اور پاکستان دشمن ممالک سوشل میڈیا کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرکے اپنے مذموم مقاصد کیلیے استعمال کرنے کیلیے کوشاں رہتے ہیں، اس لیے پاکستان کے باشعور نوجوانوں کو وطن عزیز کے امن و امان کے قیام و استحکام کیلیے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے اپنا یادگار کردار ادا کرنا ہوگا اور اپنی خداداد صلاحیتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کے دشمن ممالک کی ریشہ دوانیوں کو ناکام کرنا ہوگا۔