ایم کیو ایم نے پاکستان میں 8 صوبے بنانے کا مطالبہ کردیا

312

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)کی رکن، کشور زہرہ نے ملک میں 8 صوبے بنانے کا مطالبہ کردیا۔

ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں بل جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ پنجاب، سندھ اور کے پی کے میں صوبے بنائے جائیں۔ بل میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بہاولپور اور سائوتھ پنجاب صوبے بنائے جائیں، خیبر پختون خواہ میں ہزارہ صوبہ بنایا جائے جب کہ سندھ میں شمالی سندھ اور جنوبی سندھ صوبے بنائے جائیں۔

بل میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی جنرل اور خواتین کی کل نشستیں 335ہونی چاہئیں جبکہ سینیٹ کی نشستیں 104 سے بڑھا کر188جس میں فاٹا کی 8، اسلام آباد کی 4 اور8 صوبوں کی 22، 22 نشستیں مختص کرنے کا کہا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے اس بل کی حمایت کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل میں صوبائی اسمبلیوں کو اپنے اپنے صوبوں کی جغرافیائی حدود کو تبدیل کرنے کے حق کو چیلنج کیا گیا ہے۔ پی پی پی کے رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ہر دس دن بعد یہ مطالبہ کیا جاتا ہے جس سے بد نظمی کے عقائد بے نقاب ہوتے ہیں، سندھ کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔
واضح رہے نیشنل اسمبلی اسپیکر نے بل کو مزید نظر ثانی کے لئے قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے قانون و انصاف کے پاس بھجوا دیا ہے۔