بھارت اپنی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے، امریکہ

132

واشنگٹن: امریکہ نے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آئین کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ متنازعہ شہریت ترمیمی بل کے حوالے سے مختلف بھارتی ریاستوں میں ہونے والی پیشرفتوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ مذہبی آزادی کا احترام اور قانون کے تحت مساوی سلوک امریکہ اور بھارت کے بنیادی اصول ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ ہندوستان پر زور دیتا ہے کہ وہ ہندوستان کے آئین اور جمہوری اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

واضح رہے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے غیر مسلم تارکین وطن کو ہندوستانی شہریت فراہم کرنے والا شہریت ترمیمی بل (سی اے بی) بدھ کے روز منظور کیا گیا جس کے نتیجے میں بھارت کی مختلف ریاستوں خصوصا شمال مشرقی خطے میں لوگوں نے پر تشدد مظاہرے بھی کئے۔