خیبر پختونخوامیں ٹریفک حادثات ‘9افراد جاں بحق

38

اسکردو‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘ نوشہرہ (خبر ایجنسیاں) گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں مسافر وین کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق اور وین کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق شدید برف باری کے باعث حادثہ پیش آیا ہے جس میں مسافر وین پھسل کر کھائی میں گر گئی اور اس حادثے میں3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے کھائی سے شدید زخمی ڈرائیور اور ایک لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ اسپتال میں زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ کھائی میں گری وین سے مزید 2 لاشیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے۔علاوہ ازیں ڈیرہ درابن روڈ پر گرڈ سٹیشن کے قریب مسافر بس اور ٹماٹروں سے لوڈ ڈاٹسن ڈالہ کے تصادم میں 5افراد جاں بحق جبکہ8زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او درابن انسپکٹر سید مرجان پولیس نفری اور پاک فوج کے جوان موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔نوشہرہ مردان اے سی ایل پل پرٹر یفک حادثہ پیش آیا۔پولیس کے مطابق تیزرفتار نامعلوم موٹرکار بے قابو ہوکر حساس ادارے کے اہلکار کی موٹرسائکل پر چڑھ گئی،حادثے میں پاکستان آرمی کا اہلکار وقار خان موقع پر شدید زخمی ہوگئے، ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹراہسپتال نوشہرہ منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جابحق ہوگئے۔