بھارتی ظلم کو بے نقاب کرنے کیلئے اسلام کشمیر مارچ ہوگا،ڈاکٹر طارق سلیم

114

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کو مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی اور بھارتی ظلم و جبر کو بے نقاب کرنے کے لیے اسلام آباد کشمیر مارچ ہوگا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق قیادت کریں گے۔ ان شاء اللہ ! کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا۔ اس کشمیر مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے ضلعی ٗزونل عہدیداران اور ذیلی تنظیموں و انتظامی کمیٹیوں کے ذمے داران کے مشترکہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر 22 دسمبر اسلام آباد کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میںقائم انتظامی کمیٹیوں کے ناظمین اور زونل اُمراء نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں جبکہ امیر ضلع سید عارف شیرازی اور جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد نے تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے تیاریوں اور انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کی جماعت اسلامی نے ہر دور میں نمایاںاورہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ اُمید ہے کہ 22 دسمبر کو اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں ٗبہنوں اور بچوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف بھی راولپنڈی کے عوام گھروں سے نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کشمیر مارچ کا مقصد پاکستانی حکمرانوں کو جگانااوران کو ان کی ذمے داریاں یاد دلانا اور عالمی قوتوں اور اداروں کو مقبوضہ کشمیر کی اذیت ناک صورتحال کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ 5اگست سے کشمیر میںہمارے بھائی ٗ بہنیںاور معصوم بچے کرفیو ٗلاک ڈائون اور کڑے محاصرے کے زیر سایہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اپنے مجبوراور محصور بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق میں آواز بلند کرنا ہمارا دینی اور اخلاقی فرض ہے۔