چیف الیکشن کمشنر سے متعلق فیصلہ جلد ہوجائیگا، اسپیکر قومی اسمبلی

76

پشاور (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سے متعلق فیصلہ جلد ہوجائے گا، آرمی ایکٹ میں ترمیم کے لیے اپوزیشن سے باضابطہ رابطہ نہیں ہوسکا، قانون سازی اپوزیشن کی مشاورت سے کی جائے گی، حکومت ناموس رسالت ﷺ اور متعلقہ قوانین کی محافظ ہے، کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق معاون خصوصی اور قومی وطن پارٹی سے تعلق رکھنے  والے ارشد عمرزئی اور ان کے خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک، صوبائی وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی، وزیر قانون سلطان محمدخان، اراکین اسمبلی اور دیگر بھی موجود تھے۔اسد قیصر نے کہا کہ آرمی چیف کے معاملے پرقانون سازی کے لیے اپوزیشن سے باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، ہماری کوشش ہے کہ مشاورت سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر قانون سازی کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے حوالے سے کل (پیر) تک فیصلہ ہونے کاامکان ہے ،اتفاق نہ ہواتومعاملہ عدالت جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانو ن وآئین کے مطابق قومی اسمبلی کوچلایااب کسی کواعتراض ہے تووہ عدالت بھی جاسکتے ہیں۔ سندھ اورخیبرپختونخوامیں مزیدصوبے بنانے کابل قائمہ کمیٹی کے پاس ہے، معاملہ ایوان میں آیاتودیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ناموس رسالت اور اس سے متعلقہ قوانین کی محافظ حکومت ہے، اگر ان پر ذرا سی بھی آنچ آئی تو حکومت اور عہدہ چھوڑنے میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کروں گا کیونکہ میں پہلے عاشق رسول ہوں، اس کے بعد کچھ اور۔
اسپیکر قومی اسمبلی