بی آر ٹی منصوبے میں غلطیاں ہوئیں، ارباب شہزاد

51

پشاور (آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد نے کہا ہے کہ بی آر ٹی خیبر پختونخوا حکومت کا پہلا تجربہ تھا، تسلیم کرتے ہیں کہ اس میں غلطیاں ہوئیں، منصوبہ مکمل ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ چند ماہ میں مکمل ہوجائے گا، حتمی تاریخ تو نہیں دے سکتا لیکن منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو سہولت ملے گی، پشاورکی ترقی کے لیے میگا پشاور ڈویلپمنٹ پلان لا رہے ہیں جس پر تیزی سے کام جاری ہے، پلان میں سڑکیں، تعلیم، صحت، پارک سمیت دیگر
مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، پشاور کو بین الاقوامی سطح کا شہر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ غریب اور پسماندہ طبقے کو اوپر لانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے 180 روپے کی لاگت سے “احساس پروگرام” شروع کیاہے جس کے تحت مستحق افراد کے لیے صحت، تعلیم، وظائف، کاروبار سمیت 137 منصوبے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو یوٹیلیٹی اسٹور کے حوالے سے ایک میگا پراجیکٹ کا آغازکر رہے ہیں جس کے تحت وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز پر روزمرہ کی اشیاء خوردنی سستے داموں فراہم کرنے کے لیے 6 ارب روپے سبسڈی دے گی، پیسکو میں ہزاروں اسامیاں خالی ہیں جن پر بھرتی کا عمل بہت شروع ہو جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کو مشکلات کاسامنا تھا مگر اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں، مہنگائی کی روک تھام کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، مہنگائی کا خود ساختہ بازار گرم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیزوں پر حل کرنا ہے، عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سرکاری اداروں کے افسران عوام کی بلاامتیاز خدمت کے لیے دروازے کھلے رکھیں۔
ارباب شہزاد