حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث جس عذاب میں مبتلا ہیں

43

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہونے سے آئینی بحران پیدا ہوگیا ہے، وفاق پر گہرے بادل منڈلا رہے ہیں جو سلیکٹڈوں کو لانے والوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ تبدیلی والوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ موجودہ حالات میں ملک مزید سلیکٹڈ حکمرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، قلیل مدتی انتخابات لازم و ملزوم ہیں جس کے لیے سیاسی جماعتوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں کیونکہ عوام پندرہ ماہ سے سلیکٹڈ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث جس عذاب میں مبتلا ہیں اب ان سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قرآن پاک کی توہین پر سطحی مطالبات کیے ہیں جو ناکافی ہیں۔ ناروے سے ہمیشہ اسلام دشمن فتنہ نے سر اٹھایا ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ناروے سے فوری سفارتی تعلقات ختم کرکے اس کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے سفارتکار کو ملک بدر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سیکورٹی رسک ہیں، سلیکٹڈ حکمرانوں نے عام آدمی کا سانس لینا بھی مشکل کردیا ہے۔