حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) متحدہ لیبر فیڈریشن پاکستان سے ملحقہ لاکھڑا کول فیلڈ کے ٹریڈ یونین رہنماؤں کا اجلاس حاجی پیرزادہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل قموس گل خٹک نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایم ڈی سی اور ایل سی ڈی سی کی مائننگ لیز کی منسوخی اور ان اداروںکے کاروبار اور وسائل کو نئی حکومتی کمپنی سندھ لاکھڑا کول کمپنی کے حوالے کرنے اور ان قومی ادروں کے چھے ہزار مزدوروں کو بے روز گارکرکے نئی بھرتی کے اشتہارات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ لیبر فیڈریشن سے وابستہ تمام مزدور تنظیمیں پی ایم ڈی سی اور ایل سی ڈی سی کے پرانے ملازمین کو ملازمتوں پر بحال رکھنے کے سلسلے میں متاثرہ مزدور یونینوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اجلاس میں لاکھڑا کول فیلڈ کی لیبر کالونیوں میں 16 سال سے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی، ورکرز ماڈل اسکول کے دس سال سے تعمیراتی کام کی معطلی، لیبر کالونیوں کی چار دیواریوں اور رابطہ سڑک کی منظوری کے باوجود تعمیر شروع نہ کرنے پر لاکھڑا دس بستروں کے اسپتال کو دس سال سے ادویات فراہم نہ کرنے، اسپتالوں کا پورا بجٹ کرپشن کی نذر اور تمام اخراجات فیڈریشن کررہی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر محنت سے سوال کیا کہ کیا بورڈ کی لیبر کالونیوں میں بجلی، گیس، پانی کی فراہمی بورڈ کی ذمے داری نہیں ہے، اگر ہے تو سہولیات کیوں فراہم نہیں کی جاتیں۔