مقبوضہ کشمیر تا آسام بھارت کے اختتام کی شروعات ہے، ترجمان پاک فوج

84

راولپنڈی (صباح نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مودی سرکار کے اقدامات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی ٹوئٹر اکائونٹ میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے لے کر آسام اور آگے تک، اختتام کی شروعات۔ میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر اور متنازع شہریت بل کے حوالے سے چلنے والے جھوٹے بھارتی اکائونٹس کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایسی جھوٹی چالیں ہندوتوا کے خلاف مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں ہونے والے طاقتور عوامی مظاہروں کو نہیں روک سکتیں۔آصف غفور نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا یہ حقیقی سرجیکل اسٹرائیک ہے جسے دنیا جانتی ہے، جھوٹے فلیگ آپریشن اور سرجیکل اسٹرائیک پہلے ہی جھوٹا ثابت ہو چکا ہے، سچ ہمیشہ قائم رہتا ہے۔ بھارت کی جانب سے 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370اور 35اے ختم کر کے مقبوضہ کشمیر اور لداخ کو غیر قانونی طریقے سے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا۔جبری اقدامات کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی ردعمل کے خوف سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے جسے 4 ماہ سے زائد عرصہ ہو چکا ہے لیکن لاکھوں کی تعداد میں فوج تعینات ہونے کے باوجود مقبوضہ وادی میں آئے روز مودی سرکار کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت نے صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ بھارتی لوک سبھا میں بھارتی شہریت سے متعلق متنازع بل منظور کرایا گیا جس کے تحت بنگلادیش، پاکستان اور افغانستان سے آنے والے غیر مسلم تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو شہریت نہیں دی جائے گی۔ مودی سرکار کے اس اقدام کے خلاف بھارت میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور ترجمان دفتر خارجہ اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔