پشاور (اے پی پی) ریچ ون پر بی آر ٹی کے اسٹیشنوں کو انتظامیہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریچ ون پر تمام اسٹیشنز تیار کر لیے گئے ہیں، ٹکٹ گھر ، ایمرجنسی راستے، اسٹیشنز، وہیل چیئرز سسٹم، وائی فائی سسٹم، انٹرنیٹ سسٹم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، تمام اسٹیشنوں کو آپس میں انٹرنیٹ کے ذریعے ملا دیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں ریچ ٹو کے اسٹیشنوں کو حوالے کیا جائے گا، بی آر ٹی پر کام مزید تیز کردیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی راستے بھی مختلف اسٹاپس کیلیے وضح کردیے گئے ہیں۔ بی آرٹی پروجیکٹ کے ترجمان کے مطابق ریچ ون کے تمام اسٹیشنوں پر شہریوں کی آگاہی کیلیے مختلف بورڈز بھی لگا دیے گئے ہیں، ٹیکنیکل کام میں مزید تیزی لانے کیلیے پنجاب اور کراچی سے بھی اہم ترین ماہرین کو طلب کرلیا ہے، کام 24 گھنٹے جاری ہے جس کیلیے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے، کام کرنے والی کمپنی مقبول اینڈ سنز کیلسنز اور سی آر 21 جی نامی کمپنیاں اس وقت تمام امور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرانجام دے رہی ہیں۔ ترجمان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جا ئے گا اور صوبائی حکومت کی جانب سے کیا گیا بین الاقوامی طرز کا سفری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس کیلیے منصوبہ بندی کرلی گئی۔