چیف الیکشن کمشنراور ارکان کے معاملات اپوزیشن سے طے ہوجائیں گے‘ پرویزخٹک

63

نوشہرہ،پشاور(مانیٹر نگ ڈیسک+اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے معاملے پر وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ اسمبلی کا اختیار عدالتوں میں جائے بلکہ ہم اپنا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں۔نوشہرہ کے علاقے وزیر آباد میں سوئی گیس افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع پرویز خٹک نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمیشن سمیت اہم قانون سازی سے متعلق اپوزیشن سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ اسمبلی کا اختیار عدالتوں میں جائے، ہم اپنا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع پر ویز خٹک نے کہا کہ معلوم نہیں کہ مولانا کے پاس کونسی دوائی ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ اس ماہ حکو مت ختم ہوجائے گی، یہ ناممکن بات ہے کہ کوئی بھی آکر حکومت گرادے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن کو کچھ دنوں میں پتا لگ جائے گا کہ ان کے اپنے ہی ارکان ان سے جان چھڑا رہے ہیں۔واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور 2 ارکان کے تقرر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان گزشتہ ماہ سے لے کر ڈیڈ لاک اب تک برقرار ہے۔