آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائیگی،وزیر اعلیٰ پختونخوا

203
پشاور: سانحہ آرمی پبلک میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی یاد میں پریس کلب کے باہر احتجاج کیاجارہاہے

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،پاکستان میں قیام امن کی تاریخ میں معصوم بچوں کی قربانی جلی حروف سے لکھی جائے گی، ہم آج بھی غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس ناقابل تلافی نقصان پر ان کے صبر واستقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آرمی پبلک اسکول پشاور کے دلخراش سانحے کی پانچویں برسی کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو ان کے علمی گہوارے کے اندربے دردی سے قتل کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دلخراش واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کے لیے متحد ہوئے ، حکومتی ، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔ علاوہ ازیںقومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی پانچویں برسی کے موقع پر شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے اس دلخراش واقعہ کوکسی طور پر بھی بھلایا نہیں جاسکتاجس پر تاحال پوری قوم افسردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحے کے شہداء کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ برسی کے موقع پر ہم شہید بچوں کے والدین اور دوسرے شہداء کے اہلخانہ کی دکھوں میں برابر کے شریک ہیں۔