حیدرآباد:بلدیہ کے چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں غبن کا انکشاف

55

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے ماہانہ غبن کا انکشاف ،فنانس ڈپارٹمنٹ سندھ نے سندھ ہائی کورٹ میں تمام ملازمین کی تنخواہوں ،پینشن اوردیگر ادائیگیوں کا ریکارڈ پیش کردیا،عدالت عالیہ نے اکائونٹس آفیسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے 23ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت عالیہ سے بلدیہ افسران کو تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کی استدعاکی ہے ،درخواست میں شامل فریق سندھ حکومت کے فنانس ڈپارٹمنٹ نے عدالت عالیہ میں جمع کرائے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ وہ مذکورہ ملازمین سمیت بلدیہ کے تمام ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں ،پینشن سمیت دیگر تمام اخراجات باقائدگی سے دیتے ہیں اوروہ نہیں جانتے کہ بلدیہ کی جانب سے ان ملازمین کو کیوں تنخواہ نہیں دی جارہی ہے ،جس پر فاضل عدالت نے اکائونٹس آفیسر کو 19دسمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے ،جبکہ بلدیہ افسران کی جانب سے عدالت عالیہ سے رجوع کرنے والے 23ملازمین پر دبائوڈالا جارہا ہے کہ وہ سابقہ تمام تنخواہیں چھوڑ دیں تو انہیں ہر ماہ باقائدگی سے تنخواہیں اداکرنے کا عمل شروع کردیا جائے اوراس سلسلے میں تحریری معاہدے کا مسودہ بھی تیار کیاگیاہے ،مگر تنخواہوں سے محروم ملازمین نے بلدیہ حکام کی پیش کش اوردبائو کو مسترد کرتے ہوئے عدالت عالیہ میں دائر سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا ہے ،جبکہ 4سال قبل سندھ ہائی کورٹ نے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے 147ملازمین کی تنخواہیں بحال کرنے اورسابقہ تمام تنخواہیں جن کی مالیت تقریباً12کروڑ ہے 6ماہ میں ادا کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالت عالیہ کے احکامات پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد نہیں کیاگیا اورتنخواہوں کی مد میں ملازمین کو 12کروڑ روپے کی رقم ادا نہیں کی گئی ہے ،سندھ حکومت کے فنانس ڈپارٹمنٹ کے عدالت عالیہ میں تحریری جواب میں تمام تنخواہوں کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ بلدیہ کی بدعنوان مافیاتنخواہوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی رقم کرپشن کی بھینٹ چڑھا دیتی ہے جبکہ چھوٹے غریب ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ،ذرائع کاکہنا ہے کہ بعض ملازمین نے اس ضمن میں نیب سمیت اعلیٰ حکام کو بھیجی گئی درخواستوں میں بدعنوانیوں کی تحقیقات اورانصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیاہے ۔