تمام مسائل کا حل سیرت النبی کے نفاذ میں ہے،حافظ نصراللہ عزیز

40

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نفاذ میں ہے۔حکمران بات مدینے کی ریاست کی کرتے ہیں لیکن کام اس کے برعکس کرتے ہیں۔عمران خان کے دعوے بڑے بڑے ہیں مگر انھیں اسلام،تاریخ اور جغرافیہ سمیت کچھ نہیں پتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاجہ موری میںجلسٔہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسی نے کشمیر کاز کو بہت  نقصان پہنچایا ہے ۔کشمیر میں مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے اور عورتوں کی عزت محفوظ نہیں ہیں ۔بھارت کشمیر کو ہتھیانے اور مسلمانوں کو لٹکانے کے لیے ہر ہتھکنڈا استعمال کررہا ہے اور ہمارے حکمران ہیں کہ جہاد کے نام سے ڈرتے ہیں اور باتیں مدینے کی فلاحی ریاست کی کرتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں حکمران نیب اور اینٹی کرپشن سے بچ سکتے ہیں مگر اللہ پاک کی پکڑ سے نہیں بچ سکتے۔ انھوں کہاکہ سندھ حکومت اینٹی انکروچمنٹ کے نام پر جو غریبوں کے مکان گرا رہی ہے یہ سراسر ظلم ہے۔ غریب ساری زندگی لگادیتے ہیں تب کہیں جاکر سر چھپانے کا ٹھکانا میسر آتا ہے۔ سندھ حکومت کی غلط پالسی کی وجہ سے سندھ کی زمین بنجر بن گئی ہیں زمیندار اور کسان قرضوں میں ہیں۔جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی نے کہا کہ ہم ایسے حکمران کب تک آزماتے رہیں گے،مسائل کا حل صرف اللہ قرآن میں ہے۔ پیپلز پارٹی سمیت تمام پارٹیاں پوری طرح ناکام ہوچکی ہیں اب عوام جماعت اسلامی کو موقع دیں۔انھوں نے کہاکہ حیدرآباد ٹنڈو محمد خان میں سیری شوگر مل ٹنڈومحمد شوگر مل تین سال سے بند ہے۔ان کے سات ہزار سے زیادہ مزدور پریشان اور بدحال ہیں۔ اس موقع پر جعفر نظامانی،سعید نظامانی،مرزا نعیم مغل،محمد باقر اور رمضان نظامانی بھی موجود تھے۔
حافظ نصر اللہ عزیز