اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا میں ہونے والے کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے عمران خان کے کوالا لمپور سربراہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملائیشیا نہیں جا رہے۔
کوالالمپور میں پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا کے لیڈروں کا اجلاس ہونا ہے جس میں پاکستان نے شرکت کرنی تھی لیکن اب اس اجلاس میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع دفترخارجہ کے مطابق پاکستان مسلم امہ کی یکجہتی کے لئے اس اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا کیونکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اس کانفرنس پر اعتراض کیا تھا۔
وزیر اظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد سے کل رات فون پر اس حوالے سے گفتگو کی تھی اور آج جنیوا میں ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کر کے انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
واضح رہے ملائیشین وزیراعظم میاتیر محمد اس کانفرنس کی صدارت کریں گے جبکہ وہ اس بات کا کھلے عام اظہار کرچکے ہیں کہ او آئی سی مسلم امہ کے حقوق کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے یہ نیا اتحاد او آئی سی کا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔