موبائل اپلیکیشن نے ایک لڑکے کو ڈوبنے سے بچا لیا

210

واشنگٹن: امریکا میں موبائل اپلیکیشن نے ایک لڑکے کی اس وقت جان بچائی جب وہ برفیلے پانی میں ڈوب رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ امریکہ کی ریاست آئیوا میں پیش آیا جب 18 سالہ لڑکا سیلسیڈو گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھا اور اس کی گاڑی برفیلے پانی میں جا گری۔

لڑکے نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گاڑی پانی میں زور سے گری جس کے نتیجے میں گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تھے اور گاڑی میں پانی بھرنا شروع ہو گیا تھا۔ لڑکے نے اپنا فون تلاش کیا لیکن نہیں ملا۔

سیلسیڈو کا کہنا تھا کہ میں مرنے والا تھا تبھی مجھے اپلیکیشن سری کا خیال آیا اور میں نے زور سے کہا ‘ہے سری کال 911’ جس سے فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لڑکے کو ڈوبنے سے بچا لیا۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ لڑکے کے ہاتھ جم چکے تھے اور اس نے ٹانگوں کا احساس کھو دیا تھا۔

مسٹر سیلسیڈو نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کی جان بچائی اور اب ایک مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔