پشاور، ایڈمنسٹریٹر سلیم خان کا تجاوزات کیخلاف گرینڈآپریشن

46

پشاور(آئی این پی) ایڈمنسٹریٹر سلیم خان کا تجاوزات کے خلاف گرینڈآپریشن ‘ لاکھوں روپے کی بجلی کی تاریں اور سامان ضبط جبکہ شہر بھر سے 4 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر سلیم خان نے ٹی او آر بلال خان ‘ اے ٹی او آر ایاز درانی ‘ چیف بلڈنگ بی سی اے خدانظر اور ڈیمالشنگ اسٹاف کے ہمراہ گزشتہ روزنشتر آباد سے لیکر رامداس تک ‘ دلہ زاک روڈ اور چوک یادگار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا اس دوران چوک یادگار میں ٹیوب ویل کے ساتھ لاکھوں روپے کی بجلی کی تاریں اور بجلی کا دیگر سامان بھی قبضہ میں لے لیاگیا جبکہ 4 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا جبکہ غیرقانونی تعمیرات مسمارکردیے گئے۔ اس دوران ایڈمنسٹریٹر سلیم خان نے کہاکہ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی لہٰذا تاجر اپناقیمتی سامان دکانوں کے اندر رکھیں بصورت دیگر فٹ پاتھوں پر سامان ضبط کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ فٹ پاتھ عوام کیلیے ہے اور اس پر دکانیں سجانا قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک انچ تجاوزبھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈیمالشنگ اسٹاف کو تجاوزات کے خلاف آپریشن برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے اور کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے ۔