کشمیری سہاروں کی تلاش ترک کرکے تقدیر اپنے ہاتھ میں لے لیں‘ صدر آزاد کشمیر

149

راولپنڈی (صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ رونا دھونا چھوڑیں‘ سہاروں کی تلاش ترک کریں اور اپنے اسلاف کے نقش قد م پر چلتے ہوئے اپنی تقدیر اپنے ہاتھوں میں لے کر تحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ فیض آباد راولپنڈی میں تحریک آزادی کشمیر کے بانی رہنما رئیس الاحرار چودھری غلام عباس کی52 ویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست نے کہا کہ ہم چودھری غلام عباس کی روح سے شرمندہ ہیں کیونکہ70 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ہم وہ مشن مکمل نہ کر سکے جس کا آغاز انہوں نے کیا تھا ۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ آج پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے اور معاشی اور دفاعی لحاظ سے1947ء کے مقابلے میں بہت مضبوط ہے لیکن جو چیز ہم میں کم ہے وہ قومی اتحاد و یکجہتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں وہ کامیابی نہیں حاصل ہو سکی جو حاصل ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت یہ چاہتا ہے کہ آزادکشمیر کے لوگوں کو آپس میں لڑائے‘ انہیں انتشار کا شکار کیا جائے اور پاکستان سے بد ظن کیا جائے‘ ہمیں دشمن کی چالوں کو سمجھتے ہوئے اپنی صفوں کا از سر نو جائزہ لینا ہو گا‘ اتحاد و اتفاق کی فضا پیدا کرکے بھارت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر عسکری حملہ کیا ہے جس کا جواب سیاسی و سفارتی اقدامات سے نہیں بلکہ عسکری قوت سے ہی دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس قدر معصومیت ہے کہ بھارت میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کا سربراہ موہن بھگت لاکھوں نوجوان مردوں اور عورتوں کو فوجی تربیت دے کر پاکستان اور آزادکشمیر پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور ہم اقوام متحدہ اور دوسری قوتوں کی مدد کی بھیک مانگ رہے ہیں۔