راولپنڈی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم ناکامیاں چھپانے اور ڈپریشن دور کرنے کے لیے زیادہ تر غیرملکی دوروں پر رہتے ہیں۔حکومت نے 15ماہ میں سب سے زیادہ قرضے اور یوٹرن لیے اور نوجوانوں کو مایوس کیا۔پی ٹی آئی کو لوگوں نے تبدیلی کے نام پر ووٹ دیا تھا مگر یہ حکومت اپنے پہلے چند ماہ میں ہی ناکام ہوگئی ۔72سال سے اقتدار پر قابض قوتوں نے ملک کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے اور نظریے سے بے وفائی کا رویہ اپنائے رکھا۔پاکستان میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے۔قول و فعل میں تضاد اور ٹرمپ سے زیادہ جھوٹ بولنے والے تبدیلی نہیں لاسکتے۔قوم کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ، بھارت کا قبرستان بنے گا۔ کشمیر کی آزادی ہمارے لیے غیرت ، زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ 22دسمبر کو لاکھوں لوگ ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں اسٹوڈنٹس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایکسپو سے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ حمزہ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت اور تحفظ سے کھیلنے اور پاکستان کو ایک ناکام ریاست بنانے کی سازش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مکروہ عزائم میں ناکام ہوںگی۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی صورت میں لاکھوں نوجوان اپنے ملک کی عزت اور اس کے نظریے کی آبیاری اپنے خون سے کرنے کو تیار ہیں۔پاکستان کی حفاظت ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔جب تک جمعیت کے باہمت اور نظریہ اسلام پرمر مٹنے والے نوجوان موجود ہیں،پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔پاکستان ان شاء اللہ قیامت تک قائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی تربیت کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم دیانتداری سے ملک و قوم کی خدمت کررہے یں۔ہم آکسفورڈ اور لند ن سے نہیں پڑھے لیکن ہمارے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔قومی اور بین الاقوامی ادارے ہماری دیانتداری کی گواہی دیتے ہیں۔سینیٹ ،قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بہترین کارکردگی جماعت اسلامی کے ارکان کی رہی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ان سامراجی قوتوں سے ہے جنہوں نے عالم اسلام کو نسل اور فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کیا۔ان سامراجی قوتوں نے اسلامی دنیا کے وسائل پر قبضہ کیا۔مسلم دنیا کو باہم دست و گریبان کرنے اور لاکھوں مسلمانوں کا خون بہانے والوں کے ساتھ ہماری لڑائی ہے۔یہ قوتیں اپنا تباہ کن اسلحہ بیچنے کے لیے دنیامیں امن قائم نہیں ہونے دیتیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری تہذیب اور تایخ پر حملہ آور ہے اس کا اصل ہدف ہماری نوجوان نسل کو گمراہی کے راستے پر لگانا ہے، لیکن اسلامی جمعیت طلبہ اس کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ سچائی، دیانتداری انقلاب اور تبدیلی کی علامت ہے۔جمعیت قانون کا احترام کرنے اور امن و امان قائم رکھنے میں سب سے بڑھ کرقربانیاں دے رہی ہے۔اسلامی یونیورسٹی میں غنڈوں نے کتاب میلے پر حملہ کرکے اس کو سبوتاژ کیا اورطفیل الرحمن کو شہید اور کئی کارکنوں کو زخمی کیا،مگر جمعیت نے صبر و استقامت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے قانون کی پاسداری کی۔اس جذباتی لمحے میں بھی جمعیت کے نوجوان مشتعل نہیں ہوئے اور کسی پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیاسی لیڈر ایک دوسرے کو گالیاں اور نفرت و تعصبات کو ہوا دیتے ہیں لیکن اسلامی جمعیت طلبہ نے معاشرے میں مثبت سوچ اور تہذیب کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا۔ہمیں ایٹمی قوت بنایا اور سب سے بڑھ کر دنیا میں ہم ایسی قوم ہیں جس میں 65فیصد نوجوان ہیں،لیکن اس کے باوجود ہم آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے مقروض ہیں۔ملک میں غربت مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی جیسے مسائل کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جنہوں نے 72سال سے ملکی اقتدار پر قبضہ کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا سب سے بڑامسئلہ ہی یہ ہے کہ قیادت کمزوروں اور بزدلوں کے ہاتھ میں ہے۔ملک کو ایک دیانتدار اور جرأت مند قیادت کی ضرورت ہے جو دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرسکے۔کرپٹ قیادت نے دنیا بھر میں پاکستان کے عزت و و قارکو نیلام کیا۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں نوجوانوں نے دیں اور حکومت نے سب سے زیادہ مایوس نوجوان کو ہی کیا ہے۔ نوجوان اعلیٰ ڈگریوں کے باوجود روزگار اور ملازمتوں کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔غربت مہنگائی اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔