پشاور (نمائندہ جسارت+آن لائن) خیبر پختونخوا کے شمالی علاقہ ضلع لوئردیرمیں دہشت گردی سے متاثرہ علاقے لعل قلعہ مرخنئی پل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ڈیوٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ یوسی بشگرام میں پولیو مہم منسوخ کردی گئی۔پولیس کے مطابق دونوں اہلکار مقامی اسپتال سے پولیو ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کردی جس سے دونوں اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ شہید اہلکار فرمان اور مکرم لعل قلعہ تھانے میں تعینات تھے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال لعل قلعہ منتقل کرکے ان کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد پولیس لائن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ علاوہ ازیںخیبرپختونخوا میں 5روزہ انسداد پولیو مہم آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مہم کا افتتاح کیا تھا۔ صوبے کے تمام اضلاع میں جاری مہم میں 5 سال تک کے 67 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائینگے، مہم کے لیے 22 ہزار سے زاید پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ رواں سال خیبرپختونخوا سے پولیو کے 75 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سب سے زیادہ 74 بنوں ڈویژن سے سامنے آئے ۔
پولیو ٹیم پر فائرنگ