اسٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں، باقر خاکوانی

56

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد کے تحت چائلڈ پروٹیکشن سینٹر اسلام آباد میں تقسیم برائے ونٹر پیکج تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معصوم بچوں کو سردی کی شدت سے بچانے کے لیے الخدمت نے 40 خاندانوں کے بچوں کو ونٹر پیکج دیا۔ تقریب میں ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر باقر خاکوانی، صدر الخدمت فائونڈیشن اسلام آباد حامد اطہر ملک، ایڈمنسٹریٹر چائلڈ پروٹیکشن سینٹر (سی پی سی) جمیل ڈوگر اور اظہر شاہ سمیت اسٹریٹ چلڈرن اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر باقر خاکوانی نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور ان کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کے تحت کام کرنے والے 23 چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز میں بچوں کو صحت، رسمی و غیر رسمی تعلیم کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاںکے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں جبکہ تقریباً 180 اسٹریٹ چلڈرن ان سینٹرز سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اسکولوں میں باقاعدہ طور پر داخل ہوچکے ہیں۔ صدر الخدمت اسلام آباد حامد اطہر ملک نے بچوں سے وعدہ کیا کہ الخدمت ان کی دیکھ بھال اور آسانیاں مہیا کرنے کا کام مستعدی سے جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں 13 لاکھ اسٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اور معاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کے بجائے گلی محلوں سے کچرا چننے اور محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ سینٹر کے ایڈمنسٹریٹر جمیل ڈوگر نے تعاون کرنے والے اہل خیر کے لیے دنیا وآخرت میں بہترین اجر کی دعا کی۔