واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی ایوان میں مواخذے کی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ ان کے خلاف 2 قراردادیں منظور کرلی گئیں ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کہا گیا ہے کہ بہت زیادہ تقسیم شدہ ایوان نمائندگان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے اور ان پر اعلیٰ جرائم اور نامناسب رویوں کے الزامات بھی عائد کے گئے ہیں۔
مواخذے کی کارروائی کے دوران ایوان نمائندگان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہٹانے کے لیے 2 آرٹیکل قراردادوں میں اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملے پر ووٹنگ کی گئی، جس کے بعد یہ معاملہ ٹرائل کے لیے سینیٹ میں بھیجا جائے گا جہاں آئندہ ماہ ٹرائل شروع ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے تیسرے چیف ایگزیکٹو بن گئے جو مواخذے کا سامنا کر رہے ہیں۔