سید علی گیلانی تحریک حریت کشمیر کا بہت بڑا اثاثہ ہیں‘فاروق حیدر

63

مظفرآباد(صباح نیوز) وزیراعظم ریاست جموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے بزرگ حریت رہنما اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی طرف سے مکتوب میں اٹھائے گئے نکات کو تحریک آزادی جموں وکشمیر کے لیے بہت اہم قرار دیتے ہوئے آزاد کشمیر حکومت اور عوام کی طرف سے مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ راجا فاروق حیدر نے کہا کہگیلانی تحریک حریت کشمیر کا بہت بڑا اثاثہ ہیں،آزادکشمیر اور پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ عظیم رہنماکی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔انہوں نے کہا کہ 05 اگست کے بعد کی صورت حال کا تمام کشمیریوں نے اتحاد، اتفاق اور حکمت عملی سے مقابلہ کرنا ہے اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کو خاک میں ملانا ہے، پاکستان میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں جو اتحاد و اتفاق ہے اس کو مزید وسیع اور موثر بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کے عوام جس طرح سے گزشتہ 72سال سے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ان کی حمایت ہمارے عزم اور حوصلے کو تقویت دیتی ہے۔