لکی مروت میں پولیو ٹیم پرخودکش حملہ ،بمبار ہلاک ،ورکرزمحفوظ

52

لکی مروت(صباح نیوز)لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے علاقے ہاتھی خان کلہ میں پولیو ورکرز پر خود کش حملے کی کوشش ناکام ہوگئی، بمبارہلاک جبکہ حملے میں پولیو ٹیم محفوظ رہی ۔پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے پولیو ٹیم کو دیکھتے ہی اپنے آپ کو اڑا لیا۔ لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے گائوں ہاتھی خان کلے میں پولیو ٹیم پر خودکش حملہ ہوا ۔ حملے میں خودکش بمبار ہلاک جبکہ پولیو ٹیم معجزانہ طورپر محفوظ رہی ،حملے کے بعد مقامی لوگوں نے پولیو ٹیم کو محفوظ مقام پر پہنچایا جبکہ پولیس اورسیکورٹی فورسزکے افسران بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں پہنچ گئے انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق 2مشکوک افراد جو مبینہ طور پر خودکش کے ساتھی معلوم ہورہے تھے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔پولیس اورسیکورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔ڈی پی او لکی مروت قاسم خان نے بتایا کہ خودکش حملہ اس وقت کیا گیا جب ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم جاری تھی،سیکورٹی انتظامات انتہائی فول پروف تھے جس کی وجہ سے خودکش حملہ آور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہا ، حملہ آور کے ہدف کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا نہ ہی یہ معلوم ہو سکا کہ حملہ آور کا تعلق کس تخریب کار گروہ سے ہے ۔
خودکش حملہ