اہل پاکستان حکمرانوں کوجگانے کے لیے ڈی چوک پہنچیں، راجا جواد

90

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کو گوجر خان، ٹیکسلاواہ، چونترہ اور راولپنڈی سمیت ضلع بھر سے قافلے اسلام آباد کشمیر مارچ کا حصہ بننے کے لیے دن ایک بجے ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے، جن میں مردوخواتین، نوجوانوں اور بزرگوں کی بہت بڑی تعداد شامل ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی اور لاک ڈائون کے باوجود عالمی برادری اور پاکستانی حکمران بے حسی اور بے غیرتی کی تصویر بنے ہیں۔ مسلم حکمران کی بزدلی کی وجہ سے دنیا بھر میں صرف اسلام کے نام لیوا ہی ظلم کا شکار نظر آتے ہیں۔ پاکستان کے عوام سوئے ہوئے حکمرانوں کو جگانے کے لیے ملک بھر سے 22 دسمبر کو ڈی چوک پہنچیں اور قبرستان جیسی خاموشی توڑنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیر مارچ کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر ضلع راولپنڈی نے کہا کہ پاکستانی عوام ایسے کسی گھنائونے اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے، جس میں کشمیر کا سودا کرکے ذلت مقدر ہوجائے۔ جماعت اسلامی کشمیری عوام کی پشتیبان ہے، عالمی طاغوتی شیطانوں اور یہاں موجود ان کی کٹھ پتلیوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔