واسا حیدرآباد کا نادہندگان کیخلاف آپریشن،کنکشن منقطع

47

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) واسا حیدرآباد کا نادہندگان کیخلاف آپریشن جاری، تعلقہ سٹی، قاسم آباد اور لطیف آباد میں نادہندگان کے مزید 20 کنکشن منقطع، موٹریں ضبط، صارفین کو بلوں کی بروقت ادائیگی کا مشورہ۔ ایچ ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق ماہ ِنومبر کے فراہمی ونکاسی آب کے بلوں کی آخری تاریخ کے بعد شروع ہونے والے ریکوری آپریشن کے تحت گزشتہ روز بھی ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کی ہدایت پر تشکیل کردہ ریکوری ٹیموں نے تعلقہ لطیف آباد، قاسم آباد اور سٹی کے مختلف علاقوں میں گھریلو اور تجارتی صارفین کے بلوں کی جانچ پڑتال کی۔ متعلقہ ایکسیئن، ڈپٹی منیجر کمرشل، اسسٹنٹ ٹیکسیشن آفیسرز، فٹر اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیموں نے عادی کمرشل نادہندگان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے لطیف آباد، قاسم آباد اور تعلقہ سٹی میں مجموعی طور پر مزید 20 کنکشن منقطع کرکے ان کی موٹریں تحویل میں لے لیں۔ اعلامیے میں ایک بار پھر واسا نادہندگان کو ان کے اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا بقایا جات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنا کر قانونی کارروائی کی پیچیدگیوں سے محفوظ رہیں۔