بھارت نے کوئی حرکت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا،وزیرخارجہ

157

اسلام آباد: وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگربھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بھارت نے اشتعال انگیزی کی جس پر پاک فوج کے بھر پور جواب کے نتیجے میں ان کی ہلا کتیں ہوئی ہیں جبکہ انکی چوکیوں کو بھی شدید نشانہ بنایا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سے قبل 12 دسمبر کو میں نے سلامتی کونسل کے صدر کو ایک نیا خط لکھا تھا جس میں میں نے اپنے تحفظات اور ممکنہ خطرات سے انہیں آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ  جاری ہے، میں نے دو روز قبل بھی بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگربھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے مناسب اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت امتیازی قانون سی اے اے (این آر سی) ایکٹ 2019 کے خلاف دس سے زیادہ بھارت کی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں جبکہ بھارتی اپوزیشن بھی سراپا احتجاج ہے تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان اس بل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کی صورتحال سب کے سامنے ہے مسلسل کرفیو کو آج 139 دن ہو چکے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم اب بھی یہی کہیں گے کہ دنیا کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ مودی سرکار خطرناک کھیل، کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔