آج کی مزاحمت کل آزادی کی صبح بن کر طلوع ہو گی‘ علی گیلانی

55

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی کی آج کی مزاحمت کل ان کے لیے آزادی کی صبح بن کر طلوع ہو گی۔مقبوضہ وادی اور جموں خطے کے علاقوں میں مسلسل 140ویں رو ز بھی بھارتی محاصرہ جاری رہا ۔ دفعہ 144کے تحت پابندیاں بدستور نافذ ہیں جبکہ پری پیڈ موبائل فون، انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروسز معطل ہیں ۔ انٹرنیٹ پر پابندی سے کاروباری طبقہ بھی شدید متاثر ہے اور لاکھوں لوگ بے روز گار ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی رہنماجے پال نے کشمیر پر کچھ روز قبل امریکی کانگریس میں ایک قرار داد پیش کی تھی جس میں بھارت سے کہا گیا تھاکہ وہ کشمیر میں 5 اگست کے بعد لگائی جانے والی پابندیاںہٹا لے۔بھارت جموںوکشمیر میں سراسر ایک غاصب اور جابر کی حیثیت رکھتا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں اس کا ایک واضح ثبوت ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خود ارادیت حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن راستہ اپنا یا لیکن 1987ء کے انتخابات نے ثابت کیا کہ بھارتی جمہوریت سوائے ایک فریب کے کچھ نہیں اور وہ جمہوریت کے لبادے میں ایک ظالم وجابر ریاست ہے،بھارتی فوج نے پہلے ہی کشمیر میں لاکھوں ایکڑسرزمین قبضے میں لے رکھی ہے اور اب مزید زمین قبضے میں لے کر اس پر کالونیاں تعمیر کی جائیں گی جن میں غیر ریاستی باشندوں اور بھارتی فوجیوں کو بسایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان غیر ریاستی باشندوں کو بھارتی فوج کی طرف سے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور وہ بھارت کو کشمیر میں اس کے مفادات کو عملی جامہ پہنچانے کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کریں گے۔
علی گیلانی