حکمرانوں کی غلط ترجیحات کی وجہ سے پاکستان مسائلستان بن چکا ہے ، جاوید قصوری

70

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے، حکمرانوں کی غلط حکمت عملی اور ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج مسائلستان بن چکا ہے، لوگوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں، ملکی معیشت تباہ وبرباد ہوچکی ہے، قرضوں کا سہارا لے کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا، کچن کیبنٹ میں ہونے والے فیصلے ملک وقوم کے لیے سود مند نہیں ہوسکتے۔ حکمران حقیقی معنوں میں ایسی پالیسیاں مرتب کریں جو ملک وقوم کی بہتری میں ممدو معاون ثابت ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ اور کرپشن زدہ نظام نے ملکی معیشت کو عملاً مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں بلاتفریق کڑے احتساب کی خواہش مند ہے اور اس حوالے سے 1996ء سے جدوجہد کررہی ہے۔ پاک صاف، محب وطن اور پڑھی لکھی قیادت ہی پاکستان کا مستقبل سنوار سکتی ہے۔ ملک میں احتساب کا عمل پہلی مرتبہ برسر اقتدار افراد سے شروع ہوا ہے۔ پاناما لیکس میں دیگر 436 پاکستانیوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جب تک کرپٹ عناصر کا محاسبہ اور لوٹ مار کی دولت پاکستان واپس نہیں لائی جاتی ہم ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ ملک وقوم کی تقدیر کی مالک بنی بیٹھی ہے۔ اہم معاملات پر پارلیمنٹ کو بائی پاس کرنے کی روایات ہنوز جاری ہیں۔ کچن کیبنٹ میں ہونے والے فیصلے عوام کی حالت نہیں بدل سکتے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے مزید کہا کہ رہی سہی کسر مہنگائی اور بے روزگاری نے پوری کردی ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ اور لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔