پشاور ، پولیس کا سرچ آپریشن ، 5 مشتبہ افراد گرفتار ، اسلحہ بر آمد

50

 

پشاور (اے پی پی) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور کے ملحقہ علاقے درہ آدم خیل اور متصل علاقوں میں انفارمیشن بیسڈ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا ہے۔ آپریشن میں پاک آرمی، لیڈیز پولیس اور درہ آدم خیل پولیس نے حصہ لیا، جس کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 رائفل، 3 پستول اور سیکڑوں مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔ تمام افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران موٹر کار کے ذریعے شہر بھر میں شراب سپلائی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، جس کے قبضے سے مجموعی طور پر 20 بوتل شراب برآمد کرلی گئی ہے، جس کیخلاف تھانہ حیات آباد میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ اے ایس پی حیات آباد حسن جہانگیر کو اطلاع ملی تھی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے مخصوص گاہک کو شراب سپلائی کرنے والا ملزم کسی بھی وقت جمرود علاقہ ضلع خیبر سے شراب اسمگل کرنے کی کوشش کرے گا، جس پر ایس ایچ او تھانہ حیات آباد احمداللہ نے ملزم کی گرفتاری کی خاطر تمام اہم مقامات اور راستوں کی نگرانی شروع کی، جس کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو روک کر تلاشی لینے پر ملزم علیم ولد لیاقت ساکن فیز 7 حیات آباد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 بوتل شراب برآمد کرلی۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران شراب سپلائی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، جس کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران غیر ملکی سامان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر ملکی کپڑا اور چائے کی پتی برآمد کرلی، برآمد کیا جانے والا سامان کوچ کے ذریعے جمرود علاقہ ضلع خیبر کی جانب سے کوہاٹ اسمگل کیا جارہا تھا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جارہی ہے۔ تمام برآمد ہونے والے سامان کو قانونی چارہ جوئی اور کسٹم ڈیوٹی ادائیگی کی غرض سے کسٹم حکام کے حوالے کر کے کسٹم ہائوس منتقل کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ایس پی صدر عبدالسلام خالد کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت غیر ملکی اشیاکی اسمگلنگ میں ملوث افراد بھاری مقدار میں سامان اسمگل کرنے کی کوشش کریں گے، جس پر ڈی ایس پی صدر سرکل توحید اللہ کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ متنی فیض اللہ نے ارباب ٹاپو چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران ایک مشکوک کوچ کو روک کر تلاشی لینے پر بھاری تعداد مقدار غیر ملکی کپڑا اور چائے برآمد کر لی، برآمد ہونے والا سامان کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر ضلع خیبر کی جانب سے کوہاٹ اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ برآمد سامان کو قانونی چارہ جوئی اور کسٹم ڈیوٹی ادائیگی کی خاطر کسٹم انسپکٹر بصور خان کے حوالے کر کے کسٹم ہائوس منتقل کر دیا گیا ہے۔