شہر کے منتخب نمائندے نا اہل ثابت ہوئے ہیں ،رائے محمد جاوید

85

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی112کے امیررائے محمدجاویدنے کہا ہے کہ شہر کے منتخب نمائندے نا اہل ثابت ہوئے ہیں اور اپنا اعتماد کھو چکے ہیں اور اگر انہوں نے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی توعوام جلد ان نمائندوں کے خلاف احتسابی تحریک شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر بڑی بڑی باتیں کرکے اور سہانے خواب دکھا کر عوام سے ووٹ لیے گئے اور اب جب کام کرنے کا وقت آیا تو ان کا سراغ ہی نہیں مل پارہا کہ کہاں روپوش ہیں۔انہوںنے کہا کہ فیصل آباد شہر مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، پورا شہر بنیادی ضروریات اور سہولیات سے محروم ہے۔ ایسے میں پبلک ایڈ کے تمام ذمے داران اپنا فرض سمجھتے ہوئے گلی محلوں میں شہریوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں ان کا ساتھ دیں، عوام کی ضروریات اور مسائل کا علم رکھیں اور ان کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آبادسے منتخب ہونے والے نمائندوں نے الیکشن کے بعد اپنی شکلیں ہی نہیں دکھائیں نہ جانے کہاں غائب ہو گئے ہیں، فیصل آبادکے عوام نے جن کو ووٹ دیے تھے وہ نا اہل ثابت ہو ئے ہیں۔ شہری مسائل کا شکار ہیں کوئی داد رسی کرنے والا موجود نہیں مگر جماعت اسلامی کے کارکن شہر کی ہر گلی اور محلے میں دن رات موجود ہیں۔ہم عوام میں سے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔