کے پی کے میں نوجوانوں کو ایک متبادل پلیٹ فارم فراہم کریںگے

74

پشاور (وقائع نگارخصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی وممبرصوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ لاہور میں صوبے بھر کے نوجوانوںکے لیے پانچ روزہ لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کررہے ہیںجس میں نوجوانوں کو اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان کا روڈ میپ دیںگے۔ نوجوان ملک و ملت کا عظیم اثاثہ ہیں ۔ نوجوانوں کو جہالت ، غربت ، کرپشن کے خاتمہ کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہے ۔پاکستان کے نوجوان اسلام اور پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔ ظلم کے نظام کے خلاف نوجوانوں میں شدید نفرت اور ہر قیمت پر تبدیلی چاہتے ہیں ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں نوجوانوں کو عزت ، وقار ، روزگار اور کھیل کے میدان دیں وگرنہ جرائم ، منشیات اور ردعمل کے جذبات ملک و ملت کے لیے بڑی تباہی لائیں گے ۔ دیر میں سپورٹس اسٹیڈیم تکمیل کے مراحل میںہے اور مستقبل میں ہریوسی میںکھیل کے میدان بنائیں گے ۔ وہ شاہی کوٹ دیر بالا میںکرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میںمہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ عنایت اللہ خان نے فائنل میچ جیتنے والے اور رنر آپ ٹیم کو ٹرافی دی اور کھلاڑیوں میںانعامات تقسیم کیے ۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کو ایک متبادل پلیٹ فارم فراہم کریں اور نوجوانوں کو متبادل قیادت کے طور پر سامنے لائیں گے اور یہ لیڈر شپ ہی اصل قوت اور طاقت ہوگی ۔ یہ قیادت نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرے گی ۔جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو انتہائی نچلی سطح پر منظم ، متحد اور متحرک کرنے کی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے ۔ آج نوجوان جماعت اسلامی کے پرچم تلے متحد اور منظم ہیں ۔