الخدمت فائونڈیشن کے تحت کرسمس کے موقع پر450 مسیح خاندانوں میں ونٹرپیکیج کی تقسیم

63

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے زیرِ اہتمام فاؤنڈیشن آف فیتھ فل اور اخوت کے تعاون سے 450مسیحی خاندانوں میں گرم کپڑوں اور راشن پیکجز پر مشتمل کرسمس تحائف تقسیم کیے گئے۔مسیحیوں کے مذہبی تہوار کرسمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کی ۔جبکہ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور معززینِ علاقہ سمیت مسیحی بھائیوں کی کثیر تعداد بھی موقع پر موجود تھی۔سید احسان اللہ وقاص نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے ملی اتحاداور اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے جذبے کو فروغ ملے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے انسانیت کی بلا تعصب رنگ و نسل اور مذہب خدمت کرکے عظیم مثال قائم کی ہے ۔الخدمت فائونڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت ملک بھر میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ خدمت خلق کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم ہو۔خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور ایسے لوگ جو کسی بھی وجہ سے ان سے محروم رہ گئے ہیں ہمیں ان کی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کرشامل ہونا چاہیے۔