اسلامی جمعیت طلبہ اللہ کے شیروں، محمد عربیؐ کے غلاموں کا قا فلہ ہے

76

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی ) اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم سیدحسن بلال ہاشمی،جنرل سیکرٹری حسیب خالد اور دیگر نے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے72واں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ اللہ کے شیروں، محمد عربیؐ کے غلاموں اور صالح نوجوانوں کا قا فلہ ہے جس کا مقصداللہ اور اسکے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے پاکستان کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ایک صحت مندمعاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار بہترین انداز میں ادا کیا ہے۔ اس وقت پاکستان کے اداروں میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تربیت یافتہ لاکھوں افراد ایمان داری اور فرض شناسی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ طلبہ میں امانت و دیانت، فرض شناسی، ایفائے عہد، والدین اور اساتذہ کا احترام، پاکستان اور اسلام سے محبت۔یہ وہ بنیادی اقدار ہیں جن کے فروغ کے لیے جمعیت کوشاں ہے۔پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری جمعیت کی کوششوں کا بنیادی ہدف ہے۔ ایک ماڈرن، سائنٹیفک اور نظریاتی نظام تعلیم ہی پاکستان کی بقا اور ترقی کی ضمانت بن سکتاہے۔ نوجوانوں کی کردار سازی اور کیئریرکونسلنگ کے ذریعے جمعیت لاکھوں نوجوانوں کوپاکستان کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار کر رہی ہے۔جمعیت نے گوادر سے گلگت بلتستان اور کراچی سے کشمیر تک مختلف علاقوں، زبانوں، مسالک اور کلچر رکھنے والے نوجوانوں کو ایک لڑی میں یکجا کردیاہے۔ نظریہ پاکستان اور اسلام ہی پاکستان کے نوجوان کی اصل طاقت ہے۔رہنمائوں نے کہاکہ ہم تمام نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ کا تعلق چاہے کسی بھی علاقے، مسلک یا مکتبہ فکر سے ہو اسلامی جمعیت طلبہ کا حصہ بن کر پاکستان کی ترقی میں اپناکردار ادا کیجیے۔