حیدرآباد:بلدیاتی اداروں کی نااہلی ،نشیبی علاقے جوہڑ میں تبدیل

57

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث حیدر آباد جوہڑ بن گیا، شہر کی اہم شاہراہوں پر سیوریج کا پانی بہنا معمول بن گیا، کاروبار تباہ ہورہا ہے، اہم تجارتی مراکز میں پانی جمع ہونے سے تاجر پریشان۔ شہر کی اہم شاہراہ اسٹیشن روڑ، قدم گاہ مولا علی جو کہ ناصرف تجارتی مراکز ہیں بلکہ شہر کی وہ شاہراہ جس کا کوئی متبادل نہیں ہے اسی طرح مکی شاہ، سخی پیر روڈ لیاقت کالونی، شاہراہ فاطمہ جناح، مکرانی پاڑہ لطیف آباد یونٹ نمبر 12 اللہ والی مسجد چوک پر سیوریج کا پانی روزانہ کی بنیاد پر کھڑا رہنے لگ گیا جبکہ بلدیہ کی اس جانب کوئی توجہ نہیں ہے، پانی سے کاروبارہ تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک جام کے مسائل بھی گمبھیر صورت اختیار کرگئے ہیں۔ کوہ نور اسٹیشن روڈ پر پانی کھڑا ہونے سے کھوکھر محلہ اور رسالہ روڈ پر ٹریفک کا رش بڑھ گیا ہے جبکہ رسالہ روڈ پر پہلے ہی کاروں کی ڈیکوریشن کرنے والوں کا قبضہ ہے، یکطرفہ روڈ ہی بلاک ہوتا ہے جبکہ اس پر دونوں جانب سے ٹریفک آنے سے حادثات بڑھ رہے ہیں، بدترین ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے۔ دکانداروں، علاقہ مکینوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں سیوریج کا مسئلہ حل کرائیں۔