نیو ہالا ناکہ سبزی منڈی کے دو آکشن پلیٹ فارم سیل

64

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد اونین اینڈ پٹاٹو ویجٹیبل کمیشن ایجنٹس گروپ کے صدر حاجی الطاف میمن اور دیگر عہدیداران و ممبران منیجنگ کمیٹی نے ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے سبزی منڈی وفروٹ منڈی ہالا ناکہ پروجیکٹ کی شفٹنگ کے حوالے سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ اور انتظامیہ سبزی منڈی و فروٹ منڈی کے ترقیاتی کام کے حوالے سے ہم سے میٹنگ کررہی ہے اور دوسری طرف نوٹس نکال رہی ہے جو کہ سراسر دھوکا بازی ہے۔ کمشنر اور اے ڈی سی ون یوسف شیخ سے آخری میٹنگ میں ہم نے انہیں بتایا تھا کہ سبزی منڈی کے ترقیاتی کام جیسے ہی مکمل ہوجائیں گے، ہم منڈی شفٹ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ مارکیٹ کمیٹی حیدرآباد نے نیو ہالا ناکہ سبزی منڈی کے دو آکشن پلیٹ فارم سیل کردیے ہیں۔ اُس کی کھاتہ رجسٹری کینسل کر کے سبزی منڈی کے دونوں آکشن پلیٹ فارم بحال نہ کیے گئے تو ہم مال کہاں بیچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2001ء میں ڈپٹی کمشنر حیدر آباد رضوان احمد نے نئے نقشے اور پرانے نقشے کے لیے ریفرنڈم کروایا تھا جس پر سبزی منڈی کے الاٹیز نے نئے نقشے کو کامیاب کروایا تھا اور اُس نقشے پر ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی حیدرآباد اور یونین کے عہدیداران کے دستخط موجود ہیں لیکن اُس نقشے میں جعلسازی کے ذریعے ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی نے انتظامیہ اور یونین کے عہدیداران کے علم میں لائے بغیر تبدیل کردی ہے اور اُس میں 14 سے 15 اضافی دکانیں نکال کر الاٹ کردی ہیں جو کہ ہم نے اپنی دکانوں کے سائز کم کرکے روڈ بڑے کرنے کے لیے اپنی 24 دکانوں کی قربانی دی تھی۔ صدر الطاف میمن نے کمشنر حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد اور اے ڈی سی ون سے مطالبہ کیا کہ سبزی منڈی وفروٹ منڈی کے عہدیداران سے ون ایجنڈا میٹنگ کرکے اس مسئلے کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے، ہم لوگ بھی منڈی شفٹ کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔