راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قیام امن کے لئے پاکستان کی جدوجہد کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہئے کیونکہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ کبھی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جنرل قمر باجوہ نے پیرکو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات فوجیوں سے بھی گفتگو کی۔ گفتگو کے دوران قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی حال میں کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قسم کی غلط کاروائی یا جارحیت کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ چند دنوں قبل بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے بھارتی میڈیا کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایل او سی پر صورتحال کسی بھی وقت بڑھ سکتی ہے اور عوام کو جنگ میں جانے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔جس پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی آپریشن کا بھرپور جواب دے گا ۔