لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی اجازت کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی، پیپلز پارٹی کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پورے ملک سے کارکنان نے یہاں اکٹھا ہونا ہے، کسی اور جگہ اتنی بڑی تعداد میں کارکنان کو اکٹھا نہیں کیا جا سکتا، انتظامیہ سیکورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر جلسے کی اجازت نہیں دے رہی۔
بعد ازاں جسٹس طارق عباسی نے دونوں وکلا کے موقف سننے کے بعد پیپلزپارٹی کو جلسے کی اجازت دے دی اور ڈی سی راولپنڈی کو 26 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 12 ویں برسی کے موقع پر لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی اجازت اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی تاہم ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر پیپلزپارٹی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔