پشاور( نمائندہ جسارت) ضلع کُرم کے رہائشی اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی دُہائی لیے پشاور پہنچ گئے۔ شدید سردی میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیے مظاہرین نے الزام لگایا کہ اُن کی اراضی پر مسلح گروہ قابض ہے جبکہ ضلع کرم انتظامیہ نے خاموش تماشی بنا ہوا ہے۔ گزشتہ روز ضم شدہ قبائلی ضلع کُرم کے رہائشیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں پشاور پشاور پریس کلب کے باہر دھرنا دیاہوا ہے، دھرنے میں شریک مظاہرین کا کہنا ہے کہ مقامی بااثر مسلح گروہ نے ان کی آبائی زمینوں پر قبضہ کرنا شروع کردیا ہے اور اُس گروہ کے خلاف انتظامیہ اور پولیس دونوں خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ شدید سردی میں کُرم کے رہائشی اتوار کے شب قافلے کی شکل میں پہنچے اور پریس کلب کے باہر سڑک کے کنارے خیمہ بستی قیام کیاہوا ہے۔ دھرنا مظاہرین نے حکومت اور کُرم انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کُرم کے رہائشیوں نے حکومت وقت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جب تک اُنکے مطالبات نہیں مانے جاتے اُن کا دھرنا جاری رہے گا۔