کشمیر مارچ کی شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں

54

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗنائب اُمرا شیخ مسعود احمد ٗ رضا احمد شاہ ٗچودھری منیر احمد ٗ چودھری سرفراز احمد ٗ ضیااللہ چوہان ٗ ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد طارق رضا ٗ محمد جاوید اختر ٗراجا ممتاز حسین ٗ چودھری ظفر یاسین ٗ ملک عبدالعزیز ٗ ملک عمران اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے اسلام آباد کشمیر مارچ کی شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکرا دا کرتے ہوئے قائدین ٗارکان و کارکنان اورشرکاء کو مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے اسلام آباد کشمیر کی انتظامی کمیٹیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے کہ جنہوں نے دن رات کام کرکے کشمیر مارچ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلاشبہ اسلام آباد کشمیر مارچ مسئلہ کشمیر پرپاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام تھا۔ا نہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیری پاکستان کے ساتھ بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔کشمیری بھارت کی غلامی سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے مسلسل قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست سے کرفیو اور سخت معاصرے کے زیر سایہ زندگی گزارنے والی مظلوم کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں مگر افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ حکومت پاکستان کو اپنے کلمہ گو بھائیوں ٗ بہنوں اور معصوم بچوں کو بھارت کے ظلم وبربریت سے نجات دلانے کے لیے جو اقدامات اُٹھانے تھے ٗ وہ کہیں نظر نہیں آتے۔ یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے ،محض ٹویٹ اور چند منٹ کی خاموشی اختیارکرنے سے یہ مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ اسلام آبادکشمیر مارچ کا مقصد مظلوم کشمیریوں کو یکجہتی کاپیغام دینے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے حکمرانوں کو جگانا اور جھنجھوڑنا بھی تھاکہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہوں اور آگے بڑھ کر اپنے کشمیری بھائیوں کا مقدمہ عالمی سطح پر لڑنے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔